ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے ممبران امن کمیٹی کے ساتھ ڈی پی او آفس میں میٹنگ کی

ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے ممبران امن کمیٹی کے ساتھ ڈی پی او آفس میں میٹنگ کی جس میں ضلع بھر کے ممبران امن کمیٹی نے شرکت کی اس موقع پر ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ممبران امن کمیٹی کا انتہائی اہم کردار ہے ۔علمائے کرام نہ صرف فرقہ ورایت کی راہ روکنے کے ذمہ دار ہیں بلکہ کسی بھی تخریب کاری یا دہشت گردی کو ناکام بنانے میں بھی پولیس کا دست و بازو ہیں ۔ریاست پاکستان ہمیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے اور ریاست سے وفا داری ہمارا ایمان ہے ۔ریاست پاکستان کی پالیسیوں پر عملدرآمد ہماری اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔پولیس کسی مخصوص مذہب یا فرقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ہی محافظ نہیں بلکہ ہم بلا امتیاز رنگ، نسل و مذہب ہر شخص کی حفاظت کے ذمہ دار ہیں اور اپنی ذمہ داری کو با احسن خوبی نبھا رہے ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ وہ رات 3 بجے تک خود گشت کی نگرانی کرتے ہیں تا کہ عوام الناس کی حفاظت میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔آپ علمائے کرام کے ساتھ میں ہمہ وقت رابطے میں ہوں اور آپکی بھی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع بوقت فراہم کریں تا کہ کسی چنگاری کو شعلہ بننے سے پہلے بجھا دیا جائے ۔امن کمیٹی کے ممبران نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ کسی بھی فرقہ واریت یا تخریب کاری کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم سب متحد ہیں۔