محکمہ پولیس ضلع اٹک
شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا منفی رجحانات کے فروغ کے لئے استعمال معاشرتی امن کو تباہ کر سکتا ہے،سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت مقدمات درج کئے جائیں،قانون کی طاقت سے کالعدم تنظیموں کو اپنی سرگرمیوں کی سوشل میڈیا پر تشہیر نہیں کرنے دیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے 24/7پولیسنگ کے تحت چھٹی کے روز پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سوشل میڈیا کے حوالے سے قانونی طریق کار کے مطابق اہم فیصلے کئے گئے،ڈی پی او نے کہا کہ سوشل میڈیا کا مثبت استعمال معاشرے میں امن کو فروغ اور مستحکم کرتا ہے جبکہ اس کا منفی استعمال معاشرتی امن کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے،ڈی پی او نے کہا کہ سوشل میڈیا کو مانیٹرنگ کرنے کا قانونی اختیار رکھنے والے دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر ایسا روڈ میپ بنایا جائے جس سے قانون پر اس کی اصل روح کے تحت عمل در آمد ہو،انہوں نے کہا کہ ہم نے معاشرے میں بین المذاہب اور بین المسالک نفرتوں کو ختم کرنا ہے،انہوں نے وضح اور دوٹوک پالیسی دیتے ہوئے کہا کہ اٹک ضلع میں قانون کی عمل داری سے نفرت کی ”ن“ اور شر انگیزی کی”ش“ کو بھی نہیں پنپنے دینا،نفرت اور شر انگیزی کی چنگاری جلانے والے کو فوری طور پر قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے گا اور اس چنگاری کو قانون کی طاقت سے فوری طور پر ایسے بجھا دیا جائے گا کہ اس کی راکھ بھی معاشرے میں منفی اثرات پیدا نہ کر سکے،ڈی پی او نے کہا کہ سوشل میڈیا پرجو افراد نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کریں گے اور جو انہین شیئر کریں گے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی ہوگی اسی طرح نفرت انگیز مواد واٹس ایپ گروپوں میں شیئر کرنے والوں کے ساتھ ان گروپون کے ایڈمن بھی قانون کے کٹہرے میں ہوں گے،ڈی پی او نے کہا کہ اٹک ضلع امن کا گہوارہ تھا،ہے اور رہے گا،قانون پسند عوام اٹک پولیس کے دوست تھے ہیں اور رہیں گے جبکہ قانون شکن عناصر کے ساتھ اٹک پولیس کی دشمنی تھی،ہے اور رہے گی۔
ترجمان اٹک پولیس