محکمہ پولیس ضلع اٹک
شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ قانون شکنوں کے ساتھ بالواسطہ یا بلا واسطہ مکس اپ ہونے والے پولیس کے محکمے سے نکال کر جیل بھجوا دئیے جائیں گے،کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات سے انکار نہیں لیکن پولیس نے غیر معمولی حالات میں کرائم کے خلاف بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے،جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں مجھے رزلٹ چاہییں چونکہ اور چنانچہ کے الفاظ کا سہارا لے کر محکمانہ احتساب سے جان نہیں چھڑوائی جا سکتی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بھر کے پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ڈی پی او نے کہا کہ اٹک پولیس کو ترجیحی بنیادوں پر کورونا سے بچاؤ کا سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔اب ہمیں ان غیر معمولی حالات میں بھی اسی سپرٹ سے کام کرنا ہے۔ڈی پی او نے کہا کہ اٹک ضلع پنجاب اور صوبہ خیبر پختون خواہ کی سرحد ہونے کی وجہ سے ہر قسم کے جرائم کے حوالے سے حساس ترین ضلع ہے۔یہاں کی پولیس ایک با ہمت اور دلیر اہلکاروں اور افسران پر مشتمل ہے۔مجھے فخر ہے کہ میں ایک باہمت پولیس کا ضلعی کمانڈر ہوں۔مجھے اب تک اٹک پولیس کی کارکردگی پر فخر ہے اس کارکردگی کا اعتراف پولیس کے اعلیٰ ترین حکام نے بھی کیا ہے۔لیکن مجھے اس کارکردگی میں تسلسل چاہیے۔یہ تسلسل قانون شکنوں کے خلاف کامیابی کے لئے ناگزیر ہے۔ڈی پی او نے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اشتہاری ملزمان کی اپ ڈیٹ لسٹ دی۔انہوں نے ہدایت کی کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور ڈکیتی سمیت سنگین مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لئے روزانہ کی بنیاد پر میں خود فالو اپ لوں گا۔
ترجمان اٹک پولیس

