ماہ رمضان المبارک میں کالعدم تنظیموں کا عطیات اور صدقات اکٹھے کرنے سمیت کسی بھی حوالے سے کوئی سرگرمی نہیں کرنے دی جائے گی (ڈی پی او اٹک )

محکمہ پولیس ضلع اٹک
شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں کالعدم تنظیموں کا عطیات اور صدقات اکٹھے کرنے سمیت کسی بھی حوالے سے کوئی سرگرمی نہیں کرنے دی جائے گی،کالعدم تنظیموں کے فعال کارکنوں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کی جائے گی،ماہ رمضان المبارک میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک ایک ایس او پی پر عمل در آمد کروایا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ضلع بھر کے پولیس افسران نے شرکت کی،ڈی پی خالد ہمدانی نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے ماہ رمضان المبارک میں مختلف چھتریوں کے نیچے سرگرم ہونے کے زیادہ چانسز ہوتے ہیں اسی لئے ہمیں کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے،فورتھ شیڈول میں شامل کوئی شخص بھی اپنا مسکن نہیں چھوڑ سکے گا،اس حوالے سے ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز کو قوانین پر عمل در آمد کی سختی سے ہدایات کر دی گئی ہیں،انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے ضلع میں قابل رشک فرقہ وارانہ اور بین المذاہب ہم آہنگی موجود ہے، اس سال ماہ رمضان المبارک کورونا کی وجہ سے غیر معمولی حالات میں آیا ہے،کورونا کی وبائی اور موذی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت نے جو ایس اوپیز طے کئے ہیں ایک ایک ایس او پی پر مکمل ہی نہیں مکمل ترین عمل در آمد کیا جائے گا،ڈی پی او نے کہا کہ حکومتی ایس اوپیز پر عمل در آمد کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے اپنے مکمل تعاون کی نہ صرف یقین دہانی کروائی ہے بلکہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ علمائے کرام اور مذہبی راہنماؤں نے یہ بھی یقین دلایا ہے کہ جہاں پر حکومتی ایس اوپیز پر عمل نہیں ہو گا وہ خود اس کی نشان دہی کریں گے،ڈی پی او نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں ہم نے قانون شکن عناصر کو قانون کی لگام بھی دینا ہے جبکہ کوورونا کی پھیلاؤ کو روکنے اور اس موذی وبا کے خاتمے کے حوالے سے ایک ایک احتیاط اور حکومتی ایس او پی پر عمل کرنا ہے۔
ترجمان اٹک پولیس