محکمہ پولیس ضلع اٹک
شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ
پریس ریلیز مورخہ 13.07.2020
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ عید الضحیٰ کے مقدس موقع پر عوام کو بھر پور سیکورٹی فراہم کی جائے گی، کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے قربانی کی کھالوں سمیت کسی قسم کے عطیات جمع کرنے پر مکمل پابندی ہو گی،نماز عید الضحیٰ کے حوالے سے حکومتی ایس اوپیز پر مکمل عمل در آمد کروایا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بھر کے پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،ڈی پی او نے کہا کہ کورونا کے باعث پوری دنیا سمیت پاکستان میں بھی غیر معمولی حالات درپیش ہیں جن میں عوامی کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی غیر معمولی انتظامات کئے جا رہے ہیں،عید الضحیٰ کے حوالے سے سیکورٹی کا فول پروف پلان بنایا جا رہا ہے جس میں ضلعی امن کمیٹی سمیت تمام مکاتب فکر اور تمام طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے قابل عمل مشاورت کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ عید الضحیٰ کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جو بھی ایس او پیز جاری کئے جائیں گے ان پر گراس روٹ لیول تک عمل در آمد کروایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے حوالے سے حکومت اور محکمہ داخلہ کے احکامات دو ٹوک اور واضح ہیں،کالعدم تنظیموں کے کسی ایک رکن اور فورتھ شیڈول میں شامل کسی ایک شخص کو بھی کسی بھی حوالے سے کسی قسم کی کوئی سرگرمی نہیں دکھانے دی جائے گی،اس حوالے سے ضلع بھر کے تمام سب ڈویژنل پولیس آفیسرز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز ابھی سے پیش بندی اقدامات اٹھائیں،انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کالعدم تنظیم کا کوئی رکن یا فورتھ شیڈول میں شامل کوئی شخص قربانی کی کھالوں سمیت کسی قسم کا کوئی عطیہ کسی بھی نام پر اکٹھا نہیں کر سکتا،ایسا ہونا پایا گیا تو جہاں پر اس شخص کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی وہاں پر غفلت کے مرتکب پولیس افسران کے خلاف بھی محکمانہ قواعد و ضوابط کے تحت احتسابی کارروائی بھی ہو گی ۔
ترجمان اٹک پولیس