محکمہ پولیس ضلع اٹک
شعبہ اطلاعات وتعلقات عامہ
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسراٹک سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش معاشرتی امن کو تباہ کر دیتی ہے،ایس ایچ اوز اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی موقع پر کسی قسم کی ہوائی فائرنگ نہ ہو،اسلحہ لائسنسی بھی ہو تو اس کی نمائش بدترین قانون شکنی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ اس دفعہ محرم الحرام غیر معمولی حالات میں آ رہا ہے ان غیر معمولی حالات میں پولیس کی طرف سے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں،پولیس کا اول و آخر کام قانون پر عمل در آمد ہے،حکومت نے محرم کے دوران روائتی اور لائسنسی مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے لئے جو ایس او پیز جاری کئے ہیں ان کی ایک ایک شق پر عمل کروایا جائے گا،واضح اور دو ٹوک پالیسی ہے کہ محرم کے دوران کسی بھی کالعدم تنظیم یا فورتھ شیڈول میں شامل شخص کو کسی طرح سے بھی کوئی سرگرمی نہیں کرنے دی جائے گی،اس حوالے سے ضلع بھر کے ایس ایچ اوز فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو ان کے مسکن پر روزانہ چیک کریں گے،مسکن سے غائب پائے جانے والے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج ہوں گے،ڈی پی او نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران روائتی اور لائسنسی پروگرام ہی منعقد ہوسکیں گے یہ پروگرام بھی حکومتی ایس اوپیز کے عین مطابق ہوں گے جبکہ کوئی نیا پروگرام کسی بھی طور پر منعقد نہیں ہو سکے گا،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون فوری طور پر حرکت میں آئے گا،انہوں نے کہا کہ محرم کے دوران ”اپنے عقیدے کو چھوڑو نہیں اور کسی کے عقیدے کو چھیڑو نہیں“ کے تحت کسی کو بھی کسی قسم کی شر انگیزی نہیں کرنے دی جائے گی،حکومتی ایس او پیز کے تحت منعقد ہونے والے پروگراموں کی مکمل ریکارڈنگ کی جائے گی شر انگیز افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے جیل بجھوا دیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ جن افراد پر ضلع میں داخلے پر پابندی ہو گی انہیں ضلع میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا جبکہ جن افراد کی زبان بندی ہو گی انہیں ضلع میں خطاب نہیں کرنے دیا جائے گا خلاف ورزی پر فوری قانونی کارروائی ہو گی۔
ترجمان اٹک پولیس