ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سیدخالد ہمدانی اورڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے ڈی سی آفس میں پریس کانفرنس

پریس ریلیز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سیدخالد ہمدانی  اورڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے ڈی سی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوٸے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں تجاوزات مافیا کے خلاف سخت ترین کاروائی کے بارے میں میڈیا کو بریف کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی کا کہا تھا کہ قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران 19 ایف آئی آرز درج ہوئی اور 25 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔اس خطرناک مافیا کی سرکوبی کیلئے اینٹی لینڈ گریبنگ سیل قائم کیا گیا ہے جس میں اے سی ہیڈ کوارٹر اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بطور ممبر موجود ہونگے۔ سیل کی ہیلپ لائن بھی عوامی شکایات کےلیے مہیا کی جائے گی اور یہ  24 گھنٹے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ڈی پی او اٹک نے کہا کہ ضلع اٹک میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے جامع ٹریفک پلان تشکیل دیا جارہا ہے جس میں رکشوں سے متعلق مسائل بھی حل کیے جائیں گے اور رکشے والوں کی روزگار کی  مجبوری کو مد نظر رکھتے ہوئے 2 شفٹوں اور رنگوں میں تقسیم کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ ان رکشوں کی ریجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو آگاہی اور شعور فراہم کیا جائے تا کہ ضلع میں اس حوالے سے نظم و ضبط لایا جا سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے کہا  کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں تجاوزات مافیا کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور ان کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک ضلع اٹک میں  1053 ایکڑ سرکاری اراضی اور  253 ایکڑ نجی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی جا چکی ہے ۔سرکاری اراضی تقریباً  01 ارب 300 کروڑ مالیت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں قبضہ مافیا کے بڑے مگر مچھوں کو اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس ضمن میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور یہ آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ ترجمان اٹک پولیس

 

 

Thursday, March 25, 2021
image: